شمالی کوریا کی فوجی کمان میں بڑی تبدیلی، وزیرِ دفاع سمیت کئی عہدیدار برطرف، وجہ کیا ؟ جانئے

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے فوجی کمان میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے وزیر دفاع سمیت کئی اعلیٰ عسکری عہدیداروں کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ فیصلے کم جونگ اُن کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیے گئے، جہاں مسلح افواج کی تنظیم نو سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نو کوانگ چُل کو وزیر دفاع کے عہدے سے ہٹا کر حکمران جماعت کے ڈھانچے میں اسلحہ سازی کی صنعت کے انتظامی شعبے کا پہلا نائب سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

کورین پیپلز آرمی کے جنرل پولیٹیکل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کم سونگ گی کو نیا وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔

کم جونگ اُن کے دفاعی مشیر پاک جونگ چُن کو سینٹرل ملٹری کمیشن کا نائب چیئرمین بنانے کے ساتھ ورکرز پارٹی آف کوریا کے پولٹ بیورو کا رکن بھی مقرر کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے ان تبدیلیوں کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی۔ تاہم یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پیانگ یانگ اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافے اور روس کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی بھی برقرار ہے۔