جاوید میاںدادعمران خان کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد اپنے سابق ساتھی عمران خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔

ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد نے عمران خان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے حکام سے معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’کوئی مجھے سمجھائے، کیا وہ پاکستان کو کھا جائے گا؟ ہم سب پاکستانی ہیں، معاملات کو غیر ضروری طور پر طول دینا درست نہیں۔ لوگوں کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔‘‘

عمران خان کے ساتھ گزارے وقت کو یاد کرتے ہوئے سابق کرکٹر آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ ’’وہ بھی کسی کا بیٹا ہے، میرے ذہن میں اکثر آتا ہے کہ وہ کس حال سے گزر رہا ہوگا۔ میں اور عمران خان ایک دوسرے کے بہت قریب رہے، ہم نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ بھی کھیلی اور طویل عرصے تک ایک ساتھ پاکستان کے لیے کھیلتے رہے۔‘‘