سویڈن کی حکومت نے امیگریشن قوانین میں اہم تبدیلی کردی ہے، جس کے تحت عارضی رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے افراد موجودہ اجازت نامے کی تجدید کا انتظار کیے بغیر مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
11 جون 2026 سے نافذ ہونے والی اس پالیسی کے تحت عارضی رہائشی اجازت نامے کے حامل افراد جیسے ہی مستقل رہائش کے لیے مقررہ مدت پوری کریں گے، وہ فوری طور پر درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس سے قبل انہیں عارضی اجازت نامے کی میعاد ختم ہونے اور اس کی تجدید کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔
نئی سہولت ان افراد کے لیے دستیاب ہوگی جو مستقل رہائش کے لیے مقررہ اہلیت کی مدت پوری کر چکے ہیں۔ زیادہ تر ورک پرمٹ ہولڈرز کے لیے یہ مدت 4 سال جبکہ یورپی یونین بلیو کارڈ یا ریسرچ پرمٹ رکھنے والوں کے لیے 3 سال مقرر ہے۔
درخواست منظور ہونے کے بعد عارضی رہائشی اجازت نامہ منسوخ کرکے اس کی جگہ مستقل رہائش کا اجازت نامہ جاری کردیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس ترمیم کا مقصد مستقل رہائش کے لیے کوئی نیا راستہ بنانا یا بنیادی اہلیت کی شرائط تبدیل کرنا نہیں، بلکہ درخواست دینے کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔
تبدیلی سے تارکین وطن کے لیے غیر یقینی صورتحال کم ہونے اور مستقل رہائش کے فوائد جلد حاصل کرنے کی توقع ہے، جبکہ آجروں کو بھی افرادی قوت کے حوالے سے زیادہ لچک اور سہولت حاصل ہوگی۔






