لاہور: پاکستان بار کونسل کے 250ویں اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام صرف آئین، پارلیمانی طریقہ کار اور قومی اتفاقِ رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چشتی کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں ممبران احسن بھون، طاہر نصر اللہ وڑائچ، عامر سعید راں سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفاد کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے اور تمام سیاسی جماعتیں اس اہم آئینی معاملے پر بامعنی مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ آئینی تقاضوں کے مطابق قابلِ قبول اور دیرپا حل نکالا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ایک قومی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس میں پارلیمان میں موجود سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، تمام صوبائی بار کونسلوں، قانونی ماہرین اور دیگر متعلقہ حلقوں کو مدعو کیا جائے گا۔
قرارداد کے مطابق قومی سیمینار کا مقصد وفاق کو مزید مضبوط بنانا، بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا اور نئے صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے۔
پاکستان بار کونسل نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ صرف آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت ہی آگے بڑھایا جانا چاہیے، جبکہ اس حوالے سے قومی مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔






