پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک سیزن کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ فرسٹ کلاس چیمپئن واپڈا اور ساحر ایسوسی ایٹس کو صدرز ٹرافی اور صدرز کپ سے باہر کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق دونوں ادارے جون میں متعارف کرائے گئے نئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے۔ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید پیشہ ورانہ اور معیاری بنانے کے لیے ٹیموں کے لیے مالی شفافیت، کھلاڑیوں کے سالانہ معاہدے، تنخواہوں اور میچ فیس کی نگرانی، رہائش، یومیہ الاؤنس اور فٹنس پروگرام سمیت متعدد شرائط لازمی قرار دی تھیں۔
ذرائع کے مطابق سب سے بڑا اختلاف شرکت کی فیس میں اضافے پر ہوا، جسے تین گنا بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ روپے کر دیا گیا۔ دیگر چھ اداروں نے پی سی بی کی جانب سے لائیو اسٹریمنگ، گراؤنڈ کرایہ اور میچ بالز کے اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کے بعد نئی شرائط قبول کر لیں، تاہم واپڈا نے فیس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
واپڈا اور ساحر ایسوسی ایٹس کی جگہ اب آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور کنگزمین اکیڈمی صدرز ٹرافی اور صدرز کپ میں شرکت کریں گی۔






