ملک کے اہم علاقے سے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے 2 دہشتگرد گرفتار

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ساہیوال اور اوکاڑہ میں مبینہ دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ساہیوال سے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جن پر بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے تعلق کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت عبدالعزیز اور ولایت شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو پشاور کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے قبضے سے 4 کلو بارودی مواد، 3 آئی ای ڈیز، 3 کلاشنکوفیں، نقدی اور دیگر مشتبہ سامان برآمد کیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان ساہیوال اور اوکاڑہ میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ مبینہ نیٹ ورک اور اس سے منسلک دیگر افراد کا پتہ لگایا جا سکے۔