پیرس (آئی این پی): یورپ کے متعدد ممالک میں جنگلاتی آگ تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں لگنے والی شدید جنگلاتی آگ کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد کو انخلا کرنا پڑا، جبکہ سیکڑوں فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اسپین میں بھی جنگلاتی آگ نے ہزاروں ایکڑ رقبہ اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے بعد متعدد دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر اٹلی کے جزیرے سسلی سمیت مختلف علاقوں میں بھی آگ پھیل رہی ہے، جہاں حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہوائیں جنگلاتی آگ کو مزید بھڑکا رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی ایسے واقعات کی شدت اور تعداد میں اضافے کی ایک اہم وجہ سمجھی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






