لاہور (آئی این پی): صوبائی دارالحکومت لاہور میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے متعدد رہائشی علاقے، اہم شاہراہیں اور انڈر پاسز زیر آب آگئے، جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں میں داخل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق رات کے آخری پہر شروع ہونے والی بارش کئی گھنٹے تک جاری رہی، جس کے باعث لاہور کینٹ، علی ویو گارڈنز، علی پارک، نادرہ آباد، ڈیفنس فیز تھری، والٹن روڈ، کیولری گراؤنڈ، مین ڈیفنس روڈ اور دیگر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ متعدد شاہراہیں اور انڈر پاسز پانی میں ڈوبنے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور شہریوں کو طویل ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے باعث ڈیفنس فیز تھری کے مختلف بلاکس میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جبکہ کئی مقامات پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہونے سے آمدورفت مزید متاثر ہوئی۔ مختلف مارکیٹوں میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے سے دکانداروں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر 262 ملی میٹر، مناواں میں 200 ملی میٹر، تاجپور میں 151 ملی میٹر، کاہنہ میں 142 ملی میٹر، شاد باغ میں 129 ملی میٹر، مغل پورہ میں 127 ملی میٹر اور اپر مال میں 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش کے دوران لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ مسلسل بارش اور پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کی معمولاتِ زندگی بھی شدید متاثر ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






