جنوبی امریکی ملک گیانا کے ساحل کے قریب مسافر فیری الٹنے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی ہے، جبکہ 61 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ امدادی ٹیمیں کئی دن گزرنے کے باوجود لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گیانا حکومت کے مطابق حادثے میں اب تک 77 افراد کو بچا لیا گیا ہے، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔
حکام کے مطابق ایم وی باریما نامی فیری دارالحکومت جارج ٹاؤن سے پورٹ کیتھوما کی جانب سفر کر رہی تھی کہ شمالی بحر اوقیانوس میں ساحل سے تقریباً سات میل دور الٹ گئی۔ ابتدائی اطلاعات میں فیری پر 133 افراد کی موجودگی بتائی گئی تھی، تاہم بورڈنگ ویڈیو کے جائزے کے بعد معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر 179 افراد سوار تھے، جس سے ریسکیو آپریشن مزید پیچیدہ ہو گیا۔
حکام کے مطابق حادثے سے قبل رات تقریباً 11 بجے فیری سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی پیغام موصول ہوا، جس کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ تاہم اندھیرے اور محدود وسائل کے باعث ابتدائی مرحلے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
بعد ازاں آئل اور گیس کمپنیوں کی جانب سے جدید اسکینرز سے لیس بحری جہاز فراہم کیے گئے، جبکہ غوطہ خوروں کو بھی فیری کے اندر پھنسے افراد اور لاشوں کی تلاش کے لیے تعینات کیا گیا۔ حکام نے تلاش کے علاقے کو بڑھا کر 1,040 مربع کلومیٹر تک کر دیا ہے۔
وزیر تعمیرات خوان ایج ہل کے مطابق فیری کے کپتان اور عملے کے دیگر افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ طبی معائنے میں کپتان اور کم از کم ایک عملے کے رکن کا منشیات کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ کچھ زندہ بچ جانے والے افراد کے نام سرکاری مسافروں کی فہرست میں شامل نہیں تھے، جس کے باعث لاپتا افراد کی درست تعداد معلوم کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
حکام کے مطابق فیری کی 2024 میں مرمت کی گئی تھی اور رواں سال اس کا مکمل تکنیکی معائنہ بھی ہونا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






