//

سرکاری ملازمت کے امیدواروں کی سنی گئی، درجنوں اسامیوں کیلئے درخواستیں طلب

پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے مختلف سرکاری محکموں میں بی ایس-11 سے بی ایس-18 تک کی درجنوں آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ان آسامیوں کے لیے انٹرمیڈیٹ، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ ڈگری رکھنے والے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدوار اپنی درخواستیں 5 اگست 2026 تک آن لائن جمع کرا سکیں گے۔

پی پی ایس سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ پر فیس، تحریری امتحان، انٹرویو اور دیگر شرائط سے متعلق تمام معلومات ضرور پڑھ لیں۔ تحریری امتحان کا شیڈول، سلیبس اور دیگر تفصیلات بھی صرف پی پی ایس سی کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔

امیدواروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، نیم سرکاری اداروں، خودمختار اداروں یا مقامی حکومتوں میں ملازمت کرنے والے افراد اپنی موجودہ ملازمت کی بنیاد پر عمر میں رعایت کے اہل نہیں ہوں گے۔ اگر کوئی امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت کو کسی مطلوبہ ڈگری کے مساوی قرار دیتا ہے تو اسے انٹرویو کے وقت ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) یا متعلقہ ادارے کی ایکویولینس کمیٹی کا جاری کردہ مساواتی سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، بصورت دیگر درخواست منسوخ کی جا سکتی ہے۔

نجی اداروں میں حاصل کیے گئے تجربے کا دعویٰ کرنے والے امیدواروں کو انٹرویو کے دوران ثابت کرنا ہوگا کہ متعلقہ ادارہ ایس ای سی پی، رجسٹرار آف فرمز یا کسی مجاز ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ تھا، ورنہ تجربہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

سرکاری ملازمین کو درخواست دینے سے پہلے اپنے متعلقہ محکمے سے این او سی یا ڈی پی سی حاصل کرنا ہوگی اور انٹرویو کے وقت یہ دستاویز پیش کرنا ضروری ہوگی۔ اسی طرح امیدواروں کو متعلقہ پیشہ ورانہ اداروں جیسے پی ای سی، پی این سی، پی ایم ڈی سی، پی ایم سی یا دیگر ریگولیٹری اداروں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔

پی پی ایس سی کے مطابق انٹرویو کے وقت تعلیمی اسناد میں حاصل کردہ نمبرز یا فیصد کی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کرنا لازمی ہوں گی، جبکہ صرف سی جی پی اے قابل قبول نہیں ہوگا۔ شارٹ ہینڈ، ٹائپنگ اور پروفیشنسی ٹیسٹ صرف لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پی پی ایس سی کی ویب سائٹ کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے حاصل ہونے والی معلومات کو مستند نہیں سمجھا جائے گا۔ اگر متعلقہ محکمہ آسامیوں کی تعداد میں تبدیلی کرتا ہے تو اس کے لیے نئی درخواستیں طلب نہیں کی جائیں گی۔

پی پی ایس سی نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے پہلے تمام اہلیت کے معیار اور شرائط کا بغور جائزہ لیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی نااہلی یا مشکلات سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close