//

سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک، 2 خودکش بمبار خواتین گرفتار

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ 2 خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز کے دوران سوراب میں 7 اور مستونگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ اور سوراب میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 10 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ان کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ملک میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قوم کا فخر ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرنے والے بہادر جوانوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close