نیب ترامیم کے بعد اپیلیں کہاں سنی جائیں گی؟ اہم کیس کل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلوں کی سماعت سے متعلق اہم کیس مقرر

سپریم کورٹ میں نیب قوانین میں حالیہ ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلوں کی سماعت کے فورم سے متعلق اہم کیس کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ کرے گا، جس میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال بھی شامل ہیں۔

وفاقی حکومت نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیب ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلیں آئینی عدالت منتقل کی جائیں۔ حکومت نے استدعا کی ہے کہ صرف اپیلیں ہی نہیں بلکہ ضمانت سے متعلق مقدمات بھی آئینی عدالت کو منتقل کیے جائیں۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے مارچ میں نیب قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف نیب اپیلوں کی سماعت کا اختیار آئینی عدالت کو دے دیا تھا۔

اب سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ یہ طے کرے گا کہ نیب قانون میں کی گئی یہ ترمیم صرف نئے مقدمات پر لاگو ہوگی یا اس کا اطلاق پہلے سے زیر التوا اپیلوں اور دیگر مقدمات پر بھی ہوگا۔

عدالت کا یہ فیصلہ نیب سے متعلق متعدد زیر التوا مقدمات کے مستقبل کے سماعتی فورم کے تعین کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close