بینکاک کے بار میں خوفناک آتشزدگی، 27 افراد ہلاک، 63 زخمی
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں واقع ایک بار میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ 63 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی وزیر اعظم انوتن چارنویراکول (Anutin Charnvirakul) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی رات پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے میں 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ بینکاک کے مضافاتی علاقے میں قائم بار اور ریسٹورنٹ میں موجود موسیقاروں کے مطابق اسٹیج کے قریب نصب سرکٹ بریکر سے پہلے دھواں اٹھا، پھر بجلی منقطع ہوئی، جس کے فوراً بعد زور دار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد عمارت میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زیادہ تر افراد جان بچانے کی کوشش میں عمارت کے پچھلے حصے میں موجود واش رومز کی طرف بھاگے، تاہم وہاں سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ موجود نہیں تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑھا دھواں چند ہی لمحوں میں پوری عمارت میں پھیل گیا، جس سے کئی افراد اندر ہی پھنس گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فائر بریگیڈ کو پیر کی شب تقریباً 12 بجے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ امدادی اہلکار جب موقع پر پہنچے تو بار کے مرکزی دروازے سے شعلے بلند ہو رہے تھے، جبکہ لوگ چیختے چلاتے اپنی جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تھائی پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 9 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، جبکہ 60 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے ممکنہ متاثرین کی تلاش کا عمل بھی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






