پنجاب سپورٹس اکیڈمیز میں اگست سے بین الاکیڈمی مقابلے، 5 ہزار باصلاحیت کھلاڑیوں کا پول تیار کیا جائے گا
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر کی سپورٹس اکیڈمیز میں جاری تربیتی سرگرمیوں، کوچز کی کارکردگی اور کھلاڑیوں کی استعداد کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کے تمام سپورٹس کوچز نے شرکت کی، جبکہ کمشنر ان لینڈ ریونیو بہزاد انور، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ مختلف کھیلوں کے کوچز نے اپنی سپورٹس اکیڈمیز میں کھلاڑیوں کی تربیت، دستیاب سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اعلان کیا کہ اگست میں وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے کھلاڑیوں کے درمیان بین الاکیڈمی مقابلے منعقد کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا عملی جائزہ لیا جا سکے اور باصلاحیت ٹیلنٹ کو آگے لایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر سے 5 ہزار باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل پول تیار کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال نیشنل گیمز، پنجاب گیمز اور سیف گیمز کا انعقاد ہونا ہے، جس کے پیش نظر کھلاڑیوں کی بھرپور تیاری جاری ہے۔
محمد طارق قریشی نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس اکیڈمیز میں کھیلوں کی تعداد 19 سے بڑھا کر 25 کی جا رہی ہے، جبکہ رننگ، فینسنگ، جمناسٹکس اور سائیکلنگ کی نئی سپورٹس اکیڈمیز بھی قائم کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوانوں کو مزید کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اجلاس کے دوران کوچز کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل بھی زیر غور آئے، جس پر ڈی جی سپورٹس نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرتے ہوئے ان کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






