صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ میڈیا گفتگو میں صدر آصف علی زرداری نے میزبان حکومت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔کرغز صدر سادیر جیاپاروف نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے برادرانہ روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون، کاسا-1000 منصوبے پر مؤثر عملدرآمد، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، آئی ٹی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ نوجوانوں اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔اس سے قبل صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ کرغز افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






