پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا سٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے، جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔
ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا سٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔
معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا سٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






