سونا سات ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گیا اب قیمت کیا ؟ جانئے

عالمی مالیاتی دباؤ اور مضبوط ڈالر کے باعث سونے کی عالمی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں قیمتی دھات کی قیمت سات ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی۔

جمعرات کے روز عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.4 فیصد کمی کے بعد 3,985.89 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی، جبکہ اگست کیلئے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.2 فیصد تنزلی کے ساتھ 4,001.60 ڈالر فی اونس تک محدود رہے۔دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی ملا جلا رجحان سامنے آیا۔ چاندی کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے بعد 57.33 ڈالر فی اونس رہی، پلاٹینم 0.2 فیصد گر کر 1,575.85 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ پیلیڈیم 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1,170.25 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل عالمی منڈی میں سونے کی قیمت نومبر 2025 کے بعد پہلی مرتبہ 4 ہزار ڈالر فی اونس کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گئی تھی۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات نے سرمایہ کاروں کی توجہ سونے سے ہٹا دی ہے۔ ان کے مطابق جب ڈالر مضبوط ہوتا ہے تو دیگر کرنسیوں میں خریداری کرنے والوں کیلئے سونا مہنگا ہو جاتا ہے، جس سے طلب کمزور پڑتی ہے۔ادھر سی ایم ای فیڈ واچ کے اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ میں یہ توقع بڑھ رہی ہے کہ رواں سال امریکی فیڈرل ریزرو تین مرتبہ شرح سود میں اضافہ کر سکتا ہے۔ دسمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات 88 فیصد تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ گزشتہ ہفتے یہ شرح 61 فیصد تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close