خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس نے یہ مشترکہ کارروائی لوئر دیر میں کی۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوف اور 3 ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں سے تین کی شناخت خلیل الرحمان، نجم الدین اور کفایت اللہ کے ناموں سے ہو گئی ہے جب کہ دیگر کی شناخت کی جا رہی ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے ملزمان ڈوان پل پولیس پوسٹ حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سی ٹی ڈی کے پی اور پولیس کی ستائش کی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر سپوتوں نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close