راولپنڈی: پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اہم ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، امن اور استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں امن کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی صدر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے مختلف تنازعات کے پرامن حل اور مفاہمت کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں پاک ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






