امریکی فوج نے مشرقی بحرالکاہل میں ایک مبینہ منشیات سمگلنگ میں ملوث کشتی کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
’’شنہوا‘‘ کے مطابق امریکی جنوبی کمان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم’’ ایکس‘‘ پر جاری بیان میں کہا کہ مذکورہ کشتی ان تنظیموں کے زیرِ استعمال تھی جنہیں امریکہ دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔
بیان کے مطابق کشتی مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے معروف راستوں پر سفر کر رہی تھی۔امریکی جنوبی کمان نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران’’3 مرد نارکو دہشت گرد‘‘ہلاک ہوئے، جبکہ کسی امریکی فوجی کو نقصان نہیں پہنچا۔ یہ کارروائی منشیات کی سمگلنگ اور اس سے منسلک جرائم کے خلاف جاری امریکی مہم کا حصہ ہے۔امریکی حکام کے مطابق گزشتہ سال ستمبر سے اب تک امریکی فوج نے بحیرہ کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں مبینہ منشیات بردار درجنوں کشتیوں کو تباہ کیا ہے۔ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر کم از کم 211 افراد ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور کارروائیوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق کے بارے میں مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






