وزیراعلیٰ کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

تلنگانہ کی سیاست اور فضائی صورتحال اس وقت ایک ڈرامائی موڑ پر پہنچ گئی جب وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا طیارہ خطرناک موسم کی لپیٹ میں آ کر بال بال بچ گیا، اور ایک بڑا فضائی حادثہ صرف چند لمحوں کے فرق سے ٹل گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہفتے کی شام تقریباً 6:30 بجے دہلی سے انڈیگو پرواز کے ذریعے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئے تھے، مگر جیسے ہی طیارہ شمس آباد کے فضائی حدود کے قریب پہنچا تو اچانک آسمان نے اپنا رنگ بدل لیا۔ شدید بارش، تیز ہوائیں اور خطرناک حد تک خراب موسم نے لینڈنگ کو ناممکن بنا دیا۔

پائلٹس کو جیسے ہی صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوا، فوری طور پر حیدرآباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت منسوخ کر دی گئی، اور طیارے کو ہنگامی طور پر بنگلورو کی طرف موڑ دیا گیا، اس اچانک فیصلے نے پرواز میں موجود مسافروں کے درمیان بھی ایک لمحے کے لیے بے چینی کی فضا پیدا کر دی۔

ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی رات بنگلورو میں قیام کریں گے اور موسم بہتر ہونے کے بعد ہی حیدرآباد روانگی ممکن ہوگی، ان کے ہمراہ رکنِ پارلیمنٹ ویم نریندر ریڈی اور سابق ڈی سی سی صدر روہن ریڈی بھی موجود تھے۔

دوسری جانب حیدرآباد شہر کے مختلف علاقے شدید بارش اور تیز ہواؤں کی زد میں رہے، جہاں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

شہری بارش کے اس اچانک اور طوفانی سلسلے سے شدید مشکلات کا سامنا کرتے نظر آئے، جبکہ موسم کی یہی بے یقینی فضائی آپریشنز کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بنی رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close