لاہور: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس پاکستان میں بے امنی پھیلانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، تاہم دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو رہا۔
لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کو پرامن انداز میں منانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم کا مہینہ امتِ مسلمہ کو اتحاد، یکجہتی اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و وقار عطا کیا ہے اور یہ پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے کہ اس نے تیسری عالمی جنگ کے خطرات کو ٹالنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کا 22 مرتبہ ذکر کیا، جو اس مسئلے کی عالمی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اور اسرائیل پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں، تاہم ان کی تمام کوششیں ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ خوارج ڈرون حملوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، لیکن دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام ہو رہے ہیں اور پاکستان مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





