انڈیا نے 40 لاکھ نان کشمیری بٹھا دیے اور ہم سیٹیں ختم کر دیں؟ وزیرِ داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ ہماری ہی غلطی ہے کہ ہم ایکشن کمیٹی کے تقریباً تمام مطالبات مانتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ 28 نکات پیش کرتے ہیں تو حکومت 26 مطالبات تسلیم کر لیتی ہے، لیکن پھر بھی وہ مطمئن نہیں ہوتے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایکشن کمیٹی پہلے گندم پر سبسڈی حاصل کر چکی ہے، پھر بجلی کے نرخوں پر احتجاج کیا گیا۔ حکومت نے بجلی کی قیمتیں انتہائی کم کر دیں، اس کے باوجود احتجاج ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی معیار ہے تو پھر ہم بھی احتجاج کریں کیونکہ اسلام آباد میں بجلی زیادہ مہنگی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایک مطالبہ مخصوص نشستوں کے خاتمے کا بھی ہے، جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں غیر کشمیری آباد کر چکا ہے، ایسے میں کشمیریوں کی مخصوص نشستیں ختم کرنا درست نہیں ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جلد معاہدہ ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں مسلسل گراوٹ تشویشناک ہے اور یہ ملکی معیشت کے لیے بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مسئلے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

تیل کی قیمتوں کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ عالمی حالات کے باعث پوری دنیا متاثر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ تھا، تاہم حکومت نے بروقت اقدامات اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے صورتحال کو قابو میں رکھا، ورنہ فی لیٹر قیمت میں دو سے ڈھائی سو روپے تک اضافہ ہو سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک میں حالات بہتر ہیں اور عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈھائی، ڈھائی سال والی کسی سیاسی فارمولے سے وہ آگاہ نہیں اور موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے رابطے اور ملاقاتیں جاری رہتی ہیں اور اتحادی جماعتوں کے درمیان روابط برقرار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close