اسلام آباد : بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 2 الگ الگ شرح سے ہونے کا امکان ہے، گریڈ1 سے 16 تک ملازمین کے لئے زیادہ اور گریڈ 17 سے 22 تک کے لیے کم اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے اہم فارمولا سامنے آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت اس بار تمام ملازمین کے لیے ایک ہی شرح سے تنخواہیں بڑھانے کے بجائے، گریڈز کے لحاظ سے دو الگ الگ شرح سے اضافہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید مہنگائی کے پیشِ نظر کم آمدنی والے طبقے کو زیادہ ریلیف دینے کی حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے، اس فارمولے کے تحت گریڈ 1 سے لے کر گریڈ 16 تک کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں زیادہ شرح سے اضافہ کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
دوسری جانبگریڈ 17 سے لے کر گریڈ 22 تک کے بڑے افسران کی تنخواہوں میں چھوٹے ملازمین کے مقابلے میں کم شرح سے اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
فارمولے کا مقصد بجٹ کے محدود فنڈز کا رخ زیادہ سے زیادہ نچلے طبقے کی طرف موڑنا ہے، اور اس تجویز پر حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کے خصوصی بجٹ اجلاس میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






