اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے لیے اسٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان ریلویز کی کارکردگی، اصلاحات اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلویز عوام کے لیے سستا، محفوظ اور مؤثر سفری و مال برداری نظام بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مال برداری کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے کیونکہ فریٹ سروس ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے ریلوے اصلاحات کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے ذریعے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے تاکہ ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریلوے کی بہتری سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، جبکہ جدید ریلوے نظام کاربن اخراج میں کمی اور ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹریٹجک روڈ میپ میں مسافروں اور مال برداری دونوں شعبوں میں مارکیٹ شیئر بڑھانے، خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، نیٹ ورک کی استعداد میں اضافے اور مالی استحکام کے اہداف شامل ہیں۔
روڈ میپ کے اہم نکات میں گورننس نظام کی بہتری، ڈیجیٹائزیشن، ریلوے لائنوں کی توسیع، علاقائی روابط کا فروغ، نجی شعبے کی شمولیت، مالی استحکام، جدید کوچز کا استعمال، مسافروں کے لیے بہتر سہولیات، ML-1، ML-2 اور ML-3 سمیت دیگر ٹریکس کی اپ گریڈیشن اور رائٹ سائزنگ شامل ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد حنیف عباسی، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






