فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال یکم اکتوبر سے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر ایسے افراد کی فہرستیں تیار کر رہا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی پرتعیش طرزِ زندگی، مہنگی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، کشتیوں، بنگلوں، فلیٹس اور فارم ہاؤسز کی نمائش تو کرتے ہیں، تاہم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کو ٹیکس حکام کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور ان کی آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کی جائیں گی۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ادارے نے رواں مالی سال کے دوران سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے بارے میں جامع ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے، ان افراد کی شناخت اور معلومات کے حصول کے لیے نادرا نے بھی معاونت فراہم کی ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ افراد کے اخراجات، بینکنگ سرگرمیوں، کریڈٹ کارڈز اور اے ٹی ایم کارڈز سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا چکی ہیں، جن کی بنیاد پر ٹیکس قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایف بی آر ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے پاس 30 ستمبر تک اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا موقع موجود ہے، جبکہ اس تاریخ کے بعد نان فائلرز کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، غیر دستاویزی معیشت کا حجم کم کرنا اور ٹیکس قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






