دفعہ 144 کا نافذ

گلگت بلتستان میں انتخابات 2026 کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے تمام حلقوں میں انتخابی عملے کی تعیناتی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 24 حلقوں کے لیے ہزاروں انتخابی اہلکاروں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ الیکشن ڈیوٹی پر مامور تقریباً ساڑھے سات ہزار افسران اور ملازمین کے لیے 27 کروڑ 60 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ ہر سطح کے عملے کے لیے الگ الگ اعزازیہ طے کیا گیا ہے، جس میں ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پریزائڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران اور دیگر عملہ شامل ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 24 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے لیے 18 لاکھ روپے جبکہ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے لیے 12 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 1368 پریزائڈنگ افسران کے لیے ایک کروڑ 64 لاکھ 16 ہزار روپے اور 2450 اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران کے لیے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے اعزازیہ رکھا گیا ہے۔ پولنگ افسران کے لیے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ ایل ڈی سی، یو ڈی سی اور نائب قاصد سمیت 1360 ملازمین کے لیے 20 کروڑ 80 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع دیامر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق یہ پابندیاں 60 روز کے لیے ہوں گی۔ اس دوران اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال اور ڈرونز یا یو اے ویز کی غیر مجاز پرواز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ حساس مقامات کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ انتظامیہ نے شہریوں سے ہدایت پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close