حکومت ملی تو بڑا سرپرائز دوں گا! بلاول بھٹو زرداری

گلگت : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گلگت کے شاہی پولو گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں ایک ماہ گزار کر عوامی مسائل کو قریب سے دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں عوام کے ووٹ چھینے گئے تھے، اس لیے اس بار عوام کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے خود کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ فارم 45 کا مکمل بندوبست کریں تاکہ کسی کو مینڈیٹ چرانے کا موقع نہ ملے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پارٹی عوام کے ووٹ کا تحفظ کرے گی اور ہر قسم کی ناانصافی کا مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا جبکہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران۔پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ سی پیک سے بھی بڑا منصوبہ ہے اور آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں اسے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے بقول صدر زرداری نے بیرونی فوجی اڈے بند کروا کر قومی خودمختاری کو مضبوط بنایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی تین نسلوں سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت اور انتظامی حیثیت دی جبکہ خیبر پختونخوا کو بھی موجودہ نام پیپلزپارٹی کے دور میں ملا۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحفظ کے لیے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر 7 جون کے بعد پیپلزپارٹی کو حکومت بنانے کا موقع ملا تو تمام خالی سرکاری آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان کو پاکستان کی معیشت کے لیے “کوہِ نور” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی معاشی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری بڑھانے اور ترقیاتی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

جلسے میں آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ حاکمیت دلانے کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close