غذر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کی روح کے مطابق گلگت بلتستان کو مزید آئینی اور جمہوری حقوق دلوانا پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
غذر میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کا رشتہ نسلوں پر محیط ہے، جبکہ غذر کے عوام اور پارٹی کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار غذر کی تینوں نشستیں پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ حقِ ملکیت، حقِ حاکمیت اور دیگر آئینی حقوق کے حصول کے لیے مؤثر قانون سازی کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی، جبکہ اب نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی کرے گی، آئینی تحفظ کو یقینی بنائے گی اور گلگت بلتستان کے مطالبات کو وفاقی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کو مطلوبہ مینڈیٹ نہ ملا تو دیگر سیاسی جماعتیں ان اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے روزگار، ہاؤسنگ اور سماجی بہبود کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی ہاؤسنگ اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جبکہ دیگر حکومتوں نے بے روزگاری میں اضافہ کیا۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو پارٹی کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں گلگت بلتستان کے لیے اس پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچ سکے۔
صحت کے شعبے سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بننے پر گلگت بلتستان میں جدید اسپتال قائم کیے جائیں گے اور عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
توانائی کے شعبے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بجلی گھر قائم کر کے خطے کو توانائی کے میدان میں خود کفیل بنایا جا سکتا ہے اور یہ علاقہ وفاقی معاونت کے بغیر بھی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ترقی کر سکتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے 7 جون کو پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان “تیر” پر مہر لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ووٹ گلگت بلتستان کے حقوق، ترقی اور روشن مستقبل کے لیے ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






