راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے اور کوئی طاقت انہیں اپنے عہدے سے نہیں ہٹا سکتی۔
فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جب تک اڈیالہ جیل سے کوئی پیغام نہیں آتا، وہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی ختم نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اراکین اسمبلی پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے تلے متحد ہیں اور جماعتی نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی قرضے 97 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ آئندہ بجٹ کا بوجھ بھی عوام پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کا ہدف بھی مکمل نہیں ہو سکا، مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھتی جا رہی ہیں، جس کے اثرات براہ راست عوام پر پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنی کابینہ سے متوازن بجٹ کی منظوری حاصل کر لی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






