لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے سینیٹری ورکرز کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگرچہ یہ رقم زیادہ نہیں، تاہم ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام ملازمین کو یہ انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام، امن و امان کے اقدامات، سی سی ڈی اور اسموگ کنٹرول منصوبوں کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب قیادت کے دل میں عوام کا درد ہو تو نتائج بھی نمایاں نظر آتے ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کا تفصیلی بجٹ جلد پیش کیا جائے گا۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے آئندہ سال سے ہر یونین کونسل کی سطح پر باقاعدہ قربان گاہیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی اور آلائشوں کی تلفی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی نے صفائی کے حوالے سے ایک مثالی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وہ خود صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میدان میں موجود رہیں جبکہ میڈیا نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سرجری کے بعد ہوش میں آنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا پہلا سوال بھی صفائی کی صورتحال سے متعلق تھا۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے تین روز کے دوران ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اور 40 ہزار سے زائد مشینری نے صفائی آپریشن میں حصہ لیا، جبکہ تقریباً تین لاکھ 76 ہزار ٹن آلائشیں اور کچرا اٹھایا گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ تھا۔
ان کے مطابق عید سے قبل ایک کروڑ 22 لاکھ بائیوڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کیے گئے، جبکہ شہریوں کی شکایات اور تجاویز کے لیے مؤثر رابطہ نظام بھی قائم رکھا گیا۔ لاہور میں 41 ہزار سے زائد شہریوں نے صفائی سے متعلق رابطہ کیا۔
سینئر وزیر نے کہا کہ نالوں کی صفائی، قبرستانوں کی دیکھ بھال، مساجد کی صفائی اور قربان گاہوں کی نگرانی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ پہلی بار ڈرونز کے ذریعے صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کی گئی جبکہ مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ یونٹس بھی فعال رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چالیس ہزار لیٹر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا، جس کے باعث عید کے دوران نہ تعفن، نہ بدبو اور نہ ہی بیماریوں کی شکایات سامنے آئیں۔ ان کے بقول پنجاب کے دیہات، قصبوں، محلوں اور شہروں میں یکساں صفائی کی مثال ماضی میں کم ہی دیکھی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ستھرا پنجاب پروگرام کے عملے نے مسلسل 72 گھنٹے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے شہریوں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت پورے پنجاب میں صفائی اور شہری سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






