بیجنگ: پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جسے دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون میں بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اس وقت چین کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں ہانگژو میں پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان زراعت، آئی ٹی، توانائی، خصوصی اقتصادی زونز، کانکنی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پائے۔
وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ چینی کمپنیاں اپنی صنعتیں پاکستان منتقل کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی میں خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات، ون ونڈو آپریشن اور طویل مدتی لیز پر زمین فراہم کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں اور امداد کے بجائے سرمایہ کاری، مہارت اور مشترکہ ترقی کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اب تک ہونے والی بزنس ٹو بزنس کانفرنسوں میں 20 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی 200 سے زیادہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں جن میں سے 30 فیصد عملی معاہدوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
کانفرنس میں مختلف بڑے معاہدے بھی ہوئے جن میں ہاولو انجینئرنگ اور فوجی فرٹیلائزر کے درمیان 1.12 ارب ڈالر کا معاہدہ شامل ہے جبکہ زرعی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر جدید زرعی طریقے، اعلیٰ معیار کے بیج اور مشینی کاشت کاری کو فروغ دیا جائے تو پاکستان آئندہ چند برسوں میں چین کو اربوں ڈالر کی زرعی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت میں بڑی صلاحیت رکھتی ہے اور خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے علی بابا گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور علی بابا گروپ کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے اسٹریٹجک فریم ورک معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے اور دونوں ممالک ترقی کے سفر میں ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






