فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں 16 خوارجی جہنم واصل، 2 پولیس اہلکار شہید

بنوں میں پاک فوج پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں دو اہم ترین خوارجی سرغنہ سمیت 16 خوارجی جہنم واصل، 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن میں 16 خوارجی جہنم واصل ہو گئے جن میں دو اہم ترین سرغنہ بھی شامل تھے جب کہ دو پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ میریان میں گزشتہ روز دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران 2 اہم ترین سرغنوں سمیت 16 خوارجی جہنم واصل کر دیے۔ ان میں علاقے میں خوف اور دہشت پھیلانے والا خوارجی سرغنہ زمری نور اور افغان خوارجی سرغنہ عبداللہ سعید شامل ہیں۔

آپریشن میں پاک فوج، پولیس، سی ٹی ڈی نے خوارج کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے۔ اس دوران پولیس کے دو اہلکار فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔

شہید کانسٹیبل وحید اللہ خان اور نور اللہ خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز بنوں میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول وعسکری حکام، علاقہ عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلیے بدستور مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close