تین خوفناک دھماکے، بڑا جانی نقصان ہو گیا

نائیجیریا کے شمال مشرقی صوبے بورنو کے دارالحکومت میدوگوری میں مشتبہ تین خودکش بم دھماکوں کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 108 زخمی ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے شہر کے مختلف مقامات پر کیے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک دھماکا میدوگوری ٹیچنگ ہسپتال کے داخلی دروازے کے قریب ہوا، جبکہ دوسرا دھماکا ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا۔ تیسرا دھماکا پوسٹ آفس کے قریب پیش آیا۔

نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ کے مطابق دھماکوں کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے تمام متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دھماکوں کی نوعیت اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close