ملازمین کے حق میں بڑا فیصلہ سامنے آگیا

 سی ڈی اے ملازمین کیلئے تہوار الاؤنس سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، جہاں نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن نے ادارے کو فوری ادائیگیوں کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ واجب الادا الاؤنسز میں مزید تاخیر قابل قبول نہیں اور ملازمین کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

رپورٹس کے مطابق نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو 2026 کے عید اور دیگر تہوار الاؤنس فوری ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ کمیشن کے رکن مصباح اللہ خان نے سی ڈی اے مزدور یونین کی درخواست پر جاری کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سی ڈی اے انتظامیہ رواں سال ملازمین کو تہوار الاؤنس کی ادائیگی میں تاخیر کر رہی ہے، حالانکہ یہ ادائیگیاں ماضی میں باقاعدگی سے کی جاتی رہی ہیں۔

یونین کے مطابق سی ڈی اے اور ملازمین کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت گریڈ ایک سے 15 تک کے ملازمین، کنٹریکٹ ورکرز، ڈیلی ویجز اسٹاف، مسٹر رول ملازمین اور بعض نان گزٹیڈ افسران کو عیدالفطر، عیدالاضحیٰ، کرسمس، ایسٹر اور دیوالی کے موقع پر ایک بنیادی تنخواہ کے برابر الاؤنس دیا جاتا ہے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ 2007 سے 2025 تک یہ الاؤنس باقاعدگی سے ادا کیے جاتے رہے، تاہم رواں برس ان کی ادائیگی روک دی گئی جس پر یونین نے کمیشن سے رجوع کیا۔

کمیشن نے کیس کی ابتدائی سماعت کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مئی کو تفصیلی جواب سمیت طلب کر لیا ہے۔

عبوری حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ اگلی سماعت تک تمام واجب الادا تہوار الاؤنس ملازمین کو فوری ادا کیے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close