خیرپور کے قریب ٹنڈومستی قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور مردوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کوچ بے قابو ہو کر ٹریلر سے جا ٹکرائی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر الطاف احمد چاچڑ کی خصوصی ہدایت پر ڈی سی آفس کی ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور کلینر گاڑی میں پھنس گئے تھے جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا جبکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی کچھ دیر متاثر رہی۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ تشویشناک زخمیوں کو خصوصی طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






