وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ موبائل فون پر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بالکل زیر غور ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حالات کی وجہ سے بہت اقدامات نہ چاہتے ہوئے بھی اٹھانے پڑتے ہیں، موبائل فون پر پی ٹی اے ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پر غور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے موبائل فونز چند ہفتے بعد خود بخود بلاک ہوجاتے ہیں، باہر سے آنے والا فون نیٹ ورک میں رجسٹر نہ ہونے پر بلاک ہوتا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو مزید سہولیات دینے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمدی ویلیو میں بھاری اضافہ کر دیا تھا۔
ایف بی آر کی جانب سے نئی ویلیو ایشن رولنگ جاری کرتے ہوئے پرانی رولنگ کو فوری طور پر ختم کیا گیا، جس کے بعد کمرشل بنیادوں پر درآمد ہونے والے استعمال شدہ فونز مہنگے ہو جائیں گے۔
ایف بی آر نے 62 مختلف موبائل فون ماڈلز کی نئی کسٹم ویلیومقررکردی، نئی رولنگ میں سب سے زیادہ اضافہ گوگل پکسل فونز کی ویلیو میں دیکھا گیا ہے، گوگل پکسل 5، 6 اور 6 اے (6A) ماڈلز کی ویلیو میں 161 سے 194 فیصد تک کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد ان ماڈلز کی درآمدی قیمت اور پی ٹی اے ٹیکسز میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا، جس کا براہِ راست بوجھ صارفین پر پڑے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






