ملک میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور مارجنز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول پر 153 روپے 55 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 116 روپے 46 پیسے مختلف ٹیکسز اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی ڈیوٹی سے قبل ایکس ریفائنری قیمت 246 روپے 31 پیسے ہے، تاہم مختلف ٹیکسز اور مارجنز شامل ہونے کے بعد عوام کے لیے پیٹرول کی حتمی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 7 روپے 32 پیسے ان لینڈ فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے پمپ ڈیلرز کا کمیشن شامل ہے۔
مزید برآں ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 103 روپے 50 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے، جو مجموعی قیمت کا ایک بڑا حصہ بنتی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اصل ایکس ریفائنری قیمت 283 روپے 12 پیسے ہے، جس پر تمام ٹیکسز اور منافع جات شامل کرنے کے بعد اس کی حتمی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






