اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججز کی ٹرانسفر کے بعد سنیارٹی لسٹ تبدیل

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججز کے تبادلے کے بعد سنیارٹی لسٹ میں تبدیلی واقع ہو گئی ہے۔

تبدیلی کے بعد جسٹس سردار اعجاز اسحاق چیف جسٹس کے بعد سینیئر ترین جج بن گئے ہیں۔

عدالتی امور کے مطابق آئندہ ہفتے کے کیسز کے لیے نیا ججز ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 4 مئی سے 7 سنگل اور 4 ڈویژن بینچ کیسز کی سماعت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ٹیکس کیسز کا اسپیشل ڈویژن بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ جسٹس محمد آصف چیف جسٹس سمیت دو ججز کے ساتھ مختلف ڈویژن بینچز کا حصہ ہوں گے۔

جسٹس محمد آصف کرمنل اور دیگر کیسز کے ڈویژن بینچز میں کیسز سنیں گے۔ پہلا ڈویژن بینچ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا، جبکہ دوسرا ڈویژن بینچ جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ہوگا۔

تیسرا ڈویژن بینچ جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا، جبکہ چوتھا ڈویژن بینچ جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجا انعام امین منہاس پر مشتمل ہے۔

نیا ججز ڈیوٹی روسٹر 4 مئی سے تا حکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ججز کا مختلف ہائیکورٹس میں تبادلہ کیا گیا تھا۔ وزارت قانون و انصاف کے نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کو لاہور ہائیکورٹ، جسٹس بابر ستار کو پشاور ہائیکورٹ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو سندھ ہائیکورٹ منتقل کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close