ثنا یوسف قتل کیس ،ٹرائل میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی

ثناء یوسف کے قتل کا ٹرائل دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی ، موجودہ جج افضل مجوکہ ہی اس کیس کی سماعت جاری رکھیں گے۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے مقدمے کا ٹرائل دوسری عدالت منتقل کرنے کی ملزم کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

عدالتِ عالیہ نے حکم دیا ہے کہ موجودہ جج افضل مجوکہ ہی اس کیس کی سماعت جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی اور ملزم عمر حیات کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔

ملزم عمر حیات نے سیشن کورٹ میں زیرِ سماعت اس کیس کو کسی دوسری عدالت منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔

مقتولہ ثنا یوسف کے خاندان کی جانب سے وکیل سردار قدید نے عدالت میں کیس کی پیروی کی اور ٹرائل کی منتقلی کی مخالفت کی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جج افضل مجوکہ کو ٹرائل جاری رکھنے کا آرڈر جاری کر دیا ہے۔

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو جون 2025 میں اسلام آباد کے سیکٹر G-13 میں ان کے گھر کے اندر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس نے اس قتل کے الزام میں عمر حیات نامی نوجوان کو گرفتار کیا تھا، جس نے مبینہ طور پر رشتہ مسترد کیے جانے پر یہ انتہائی قدم اٹھایا تھا۔ یہ کیس اپنی سنگینی اور سوشل میڈیا پر مقتولہ کی مقبولیت کی وجہ سے ملک بھر میں توجہ کا مرکز بنا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close