خبردار! نان فائلرز کے لئے اہم خبرآگئی

آئی ایم ایف کے مطالبے پر یکم جولائی سے گاڑیوں کی درآمد کے لیے سخت ترین شرائط نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان میں گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے انتہائی سخت طریقہ کار اور بین الاقوامی معیارات لاگو کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

وزارتِ صنعت و پیداوار کے ذرائع نے بتایا کہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہونے والے اس نئے نظام کے تحت اب ہر فرد یا غیر رجسٹرڈ کاروباری ادارے کے لیے گاڑی منگوانا ناممکن ہو جائے گا۔

آئی ایم ایف کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں حکومت نے گاڑیوں کی درآمد کے لیے درج ذیل سخت ضوابط وضع کیے ہیں۔

جس میں کہا کہ اب انفرادی طور پر یا غیر رجسٹرڈ افراد گاڑی امپورٹ نہیں کر سکیں گے، یہ اختیار صرف ان کمپنیوں کو ہوگا جو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت رجسٹرڈ ہوں اور ان کے پاس فعال این ٹی این موجود ہو۔

ایسی کوئی گاڑی درآمد نہیں کی جا سکے گی جس کی پاکستان میں ‘آفٹر سیلز سروس’ کا نیٹ ورک موجود نہ ہو جبکہ کمرشل امپورٹر کو 100 فیصد اصلی پرزہ جات اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔

امپورٹر کے لیے گاڑی کے نقائص دور کرنے کے لیے جدید ڈائیگناسٹک سہولیات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ پاکستان میں صرف وہی گاڑیاں لائی جائیں جو عالمی سیفٹی اسٹینڈرڈز پر پوری اترتی ہوں ، گاڑی درآمد کرنے سے قبل اس کے معیاری ہونے اور ماحولیاتی آلودگی نہ پھیلانے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا جبکہ درآمد کے فوراً بعد فٹنس اور کوالٹی ٹیسٹنگ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

پرانی گاڑیوں کے امپورٹرز انجن، چیسز نمبر اور دیگر شناختی معلومات کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

آئی ایم ایف کا موقف ہے کہ نان فائلرز کو گاڑیوں کی امپورٹ کا کوئی حق نہیں ہونا چاہیے، اسی لیے اب پرانی گاڑیوں کی امپورٹ کرنے والوں کو انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) کے پاس لازمی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

ان سخت شرائط کا مقصد پاکستان میں غیر معیاری گاڑیوں کی آمد کو روکنا، خریداروں کو بہتر سروسز کی فراہمی یقینی بنانا اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مقامی آٹو انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، تاہم درآمدی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بھی مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close