خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی جنرل نشست کے لیے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق اس نشست کے لیے مجموعی طور پر پانچ امیدوار میدان میں ہیں جن میں عرفان سلیم، عبد الحسیب، اصغر علی، سجاد خان مہمند اور راحیلہ بی بی شامل ہیں۔
ای سی پی کے مطابق اس اہم نشست پر پولنگ 23 اپریل کو ہوگی جس کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس انتخاب کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہ نشست خیبر پختونخوا میں سیاسی قوت کے توازن پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر مراد سعید کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، جس کے بعد ضمنی انتخاب ناگزیر ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق امیدواروں کی فہرست سامنے آنے کے بعد سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہو گئی ہیں اور مختلف جماعتیں کامیابی کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہیں۔
یہ انتخاب نہ صرف ایوان بالا کی عددی صورتحال پر اثر ڈالے گا بلکہ صوبے کی سیاسی سمت کا تعین کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






