نجی تعلیمی اداروں کو سخت ہدایات جاری

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے نجی اسکولوں میں نصاب اور یونیفارم کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ۔ حکومتِ سندھ کے محکمہ تعلیم (ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ) نے صوبے بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں کیلئے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، کوئی بھی نجی اسکول انتظامیہ اسکول کی حدود میں کتابیں، کاپیاں، یونیفارم یا اسٹیشنری فروخت کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ والدین کو کسی مخصوص دکان یا وینڈر سے خریداری کے لیے مجبور نہیں کر سکتی، اسکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تعلیمی سال کے آغاز پر نصابی کتب اور اسٹیشنری کی مکمل فہرست (بک لسٹ )والدین کو فراہم کریں تاکہ وہ کھلی مارکیٹ سے اپنی سہولت کے مطابق خریداری کرسکیں۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ والدین کو اسکول کے مخصوص مونوگرام یا لوگو والی نوٹ بکس خریدنے پر مجبور کرنا بھی غیر قانونی عمل ہے، اس اقدام کا مقصد والدین پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کرنا اور تعلیمی اخراجات میں شفافیت لانا ہے، جس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے وارننگ جاری کی ہے کہ جو اسکول ان احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،اس میں بھاری جرمانے اور اسکول کی رجسٹریشن کی منسوخی بھی شامل ہے، جس پر والدین اور سماجی حلقوں نے مثبت ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close