وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
قوم سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 135 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 385 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیزل سستا ہونے سے زرعی شعبے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر لاگت کم نہ کی گئی تو کاشتکاروں کی محنت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ گندم کی کٹائی کے آغاز کے پیش نظر کسانوں کے اخراجات کم کرنا نہایت ضروری ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے اس ریلیف کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ مزید برآں، موٹر سائیکل، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






