راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیخلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ، نورین نیازی سمیت متعدد عہدیداروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر تھانہ صدر بیرونی میں چوکی انچارج اڈیالہ عمران خان کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں ہنگامہ آرائی، اقدام قتل، پولیس سے مزاحمت کی دفعات بھی شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں ایم این اے شاہد خٹک، ایم پی اے مینا خان، ایم این اے شفقت اعوان، ترجمان کے پی کے شفیع اللہ جان، سمابیہ طاہر ستی سمیت 1400 نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پتھراؤ کرکے 9 پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا، موقع سے پولیس نے 41 ملزمان کو حراست میں لیا تھا جو بعدازاں فرار ہوگئے۔ متعدد ملزمان پولیس کی حراست سے فرارہوگئے، پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی 13 گاڑیاں بھی تحول میں لے لیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کی گاڑیوں سے پٹرول، کانچ کی بوتلیں، روئی، ماچس اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں، ملزمان کے پتھراؤ اور ڈنڈوں سے متعدد سرکاری اور پرائیوٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچا، ملزمان نے سیاسی مقاصد کے لیے انتشار پھیلا کر پنجاب حکومت کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






