ملک میں مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کیونکہ خوردنی اشیاء خصوصاً گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آنے والے دنوں میں ان مصنوعات کی قیمتیں فی کلو 100 سے 150 روپے تک بڑھ سکتی ہیں، جس سے عام صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے پیداواری لاگت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
مل مالکان کے مطابق ٹرانسپورٹ، بجلی اور دیگر آپریشنل اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث موجودہ قیمتوں پر گھی اور تیل کی فروخت برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک مؤثر پینل تشکیل دیا جائے جو بڑھتی ہوئی لاگت کا جائزہ لے اور قیمتوں میں کمی کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی تجویز کرے، تاکہ صارفین کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






