سستا پیٹرول ریلیف، رجسٹریشن طریقہ اور شرائط سامنے آگئیں

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سندھ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ماہانہ 2,000 روپے فیول سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا ہے، اور اس کے حصول کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق اس اسکیم کے تحت سبسڈی حاصل کرنے کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ جلد ایک موبائل ایپلی کیشن لانچ کرے گا، جس میں شہری اپنا شناختی کارڈ (CNIC) اور بینک اکاؤنٹ (IBAN) نمبر درج کر کے رقم وصول کر سکیں گے۔ ایپ کے ذریعے سسٹم خودکار طور پر تصدیق کرے گا کہ موٹر سائیکل درخواست گزار کے نام پر رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔

اگر موٹر سائیکل کسی اور کے نام پر ہے تو اس کے مالک سبسڈی کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ جن شہریوں نے موٹر سائیکل خریدی ہے مگر ابھی تک اپنے نام منتقل نہیں کرائی، وہ 15 دن کے اندر اسے مفت ٹرانسفر کروا سکتے ہیں تاکہ سبسڈی حاصل کر سکیں۔ حکومت نے ٹرانسفر فیس بھی ختم کر دی ہے تاکہ صرف اصل مالکان کو ہی رقم مل سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سبسڈی کی رقوم 15 سے 20 اپریل کے درمیان براہِ راست صارفین کے بینک اکاونٹس میں منتقل کر دی جائیں گی۔

مزید یہ کہ انٹراسٹی اور انٹرا سٹی مسافر بسوں کو بھی فی بس 1 لاکھ 40 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ بس کے کرایے مستحکم رہیں۔ تاہم یہ سہولت گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے نہیں ہوگی، اور سبسڈی لینے والی بسیں کرایہ بڑھانے کی مجاز نہیں ہوں گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے، لیکن یہ اقدام عوام کو ریلیف دینے کی کوشش ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ پیٹرول پر کسٹم ڈیوٹی اور لیوی ختم کی جائے تاکہ سبسڈی کا زیادہ براہِ راست فائدہ عام شہری تک پہنچ سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close