نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین میں اہم پیشرفت

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین کے دوران فریقین نے خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پانچ نکاتی اقدام کا آغاز کر دیا۔ پاک چین وزیر خارجہ ملاقات میں ترقی پذیر ممالک پر کشیدگی کے سنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے فعال سفارتی کردار اور کوششوں کو سراہا اور بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر بیجنگ کا دورہ کیا۔ دورے کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے مغربی ایشیا میں علاقائی پیش رفت اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل اور مکالمے کی بحالی کے لیے پاکستانی اقدامات سے آگاہ کیا اور سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے نتائج پر بھی روشنی ڈالی۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھتی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقاتوں میں سی پیک ٹو کے تحت ترقی، اسٹریٹجک تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلے اور رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ پاک چین وزرائے خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور دہشت گردی کے مؤثر سدباب کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے مستقبل میں بھی باقاعدہ رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close