قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے متنازعہ ٹویٹ کے حوالے سے معذرت کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نسیم شاہ نے کہا کہ میرے اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میری مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے کی گئی تھی اور وہ میری ذاتی رائے کی عکاسی نہیں کرتی، میں اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور آئندہ ایسا نہ ہونے کے لیے ضروری تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔
فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ میں پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دلی معذرت کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ کی شرائط کے ساتھ ساتھ میڈیا پالیسی اور ضوابط کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
بعد ازاں نسیم شاہ نے کمیٹی کو شوکاز کا جواب دیا، جس کے بعد تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے ذاتی سماعت کی۔ اب کمیٹی نے سماعت کے فیصلے میں سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر نسیم شاہ پر دو کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
بورڈ کے مطابق کمیٹی نے نسیم شاہ کی غیر مشروط معافی کو نوٹ کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ انہوں نے معاہدے کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں دو کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






