اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور کویت پر ہونے والے حالیہ حملوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کویتی عوام اور قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
دوسری جانب کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔
کویتی ولی عہد نے وزیراعظم کے اظہار یکجہتی کے پیغام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا برادرانہ تعاون قابل قدر ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






